پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی،خواجہ آصف

0

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی،کشمیر کے معاملہ پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کا ساتھ دیا ، 50 سال افغانستان کے لئے برباد کئے۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، کشمیر کے معاملہ پر پارلیمنٹ کا مشترکا اجلاس بلانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، افغانستان کیلئے 50سال برباد کئے، پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی، اس کیلئے بھاری قیمت بھی چکائی۔

خواجہ محمدآصف نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی اپنے گریبان میں جھانکیں، وہ پاکستان کو تنہا کرنے کی بات کرنے سے پہلے دیکھیں کہ آج پوری دنیا میں بھارت کو اپنے رویہ اور خیالات کی وجہ سے تنہا کر چکے ہیں، پاکستان کو اکیلا کرنے کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہو سکے گا، ہندو کے یاروں کا یہ پراپیگنڈہ ہے، کبھی افغانستان کی بات کی جاتی ہے اور کبھی چاہ بہار کا راگ الاپتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کا ساتھ دیا، 50سال افغانستان کیلئے برباد کئے، نائن الیون کے بعد دہشت گردی کی جنگ افغانستان سے ہمارے گھر میں آگئی، ہمارا کلچر تباہ ہوا، معیشت برباد ہوگئی۔خواجہ آصف نے کہا کہ امن کیلئے ہمیشہ پاکستان کی طرف سے بڑھ چڑھ کر کوششیں کی گئیں ، ہمارا ہمیشہ مطمع نظر امن رہا ہے، ہم نے امن کیلئے ہمیشہ بھاری قیمت چکائی مگر عزت اور احترام کو دا پر نہیں لگایا جاسکتا۔

سارک اجلاس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکمت عملی وقت آنے پر طے کی جائے گی۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیر کے معاملہ پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی تیاری کی جا رہی ہے، اس پر متفقہ موقف اختیار کیا جائے گا۔

Share.

About Author

Leave A Reply