نوازشریف ایک مرتبہ پھر بلامقابلہ مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب

0

مسلم لیگ ن کے پارٹی صدر کے انتخاب کے لئے اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں الیکشن کا انعقاد کیا گیا۔

پارٹی صدر الیکشن کے لئے امیر افضل مندوخیل نے ریٹرننگ آفیسر اور راجا نیازی نے سیکریٹری کے فرائض انجام دیے۔

وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر کے انتخاب کے لئے سابق وزیراعظم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرا ئے، طارق فضل چوہدری نواز شریف کے تجویز کنندہ اور رانا افضل تائید کنندہ تھے۔

 

پارٹی صدرکے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی صبح ساڑھے 9 بجے تک وصول کیے جانے تھے تاہم نواز شریف کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔

مسلم لیگ ن نے انتخابی اصلاحات بل 2017 سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور کرایا جس کی منظوری صدر مملکت ممنون حسین نے بھی دی جس کے بعد کوئی بھی نااہل شخص کسی جماعت کا سربراہ بن سکے گا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارٹی سربراہ بنانے کے لئے گزشتہ روز پارٹی کے قائم مقام صدر سردار یعقوب ناصر کی زیر صدارت جنرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی آئین میں ترمیم کی توثیق کی گئی۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ پارٹی آئین ترمیم کی پہلے ہی منظوری دے چکی تھی جب کہ اجلاس میں نواز شریف پر اعتماد کے اظہار کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزقومی اسمبلی میں الیکشن ریفارمزبل 2017 منظور کرلیا گیا تھا جس کے بعد نوازشریف کے ایک بار پھرپارٹی صدر بننے کی راہ ہموارہوگئی تھی۔

Share.

About Author

Leave A Reply