قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں امریکی حکام کی شرکت

0

7-shahi-syed

اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی  میں امریکی حکام کی شرکت کی تحقیقات کا حکم جاری کردیا ہے ۔ شرکت کا بروقت نوٹس کیوں نہیں لیا گیا کس کی اجازت سے یہ حکام قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے ۔

چیئرمین سینیٹ نے حکم جاری کیا ہے کہ نہ صرف  ان امریکیوں کے بارے میں تمام تر تفصیلات جمع کی جائیں بلکہ قائمہ کمیٹی کے روم تک امریکیوں کی رسائی کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برقی جرائم کے سدباب سے متعلق بل پر غور کیلئے قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حالیہ اجلاس میں ایک این جی اوز کے ساتھ امریکی حکام بھی پہنچ گئے تھے ۔ اور غیر ملکیوں کو قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہونے سے کسی نے نہیں روکا اور وہ باآسانی کمیٹی روم میں داخل ہوگئے ۔

امریکی حکام نے قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی تمام کارروائی کو نہ صرف سنا دیکھا بلکہ مبصر کی حیثیت سے اپنی تجاویز سے بھی کمیٹی کو آگاہ کیا۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر شاہی سید نے دعوی کیا ہے کہ انہوںنے دوران اجلاس امریکی حکام کی شرکت پر حیرانگی کا اظہار کیا ان سے پوچھا وہ کمیٹی میں کیا کرنے آئے ہیں ان کا اس اجلاس سے کیا تعلق ہے جس پر ایک این جی اوز کے نمائندوں اور امریکی حکام نے بتایا کہ وہ مبصر کی حیثیت سے موجود ہیں ۔ انہوںنے سائبر کرائم بل پر تجاویز بھی دیں رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ امریکی حکام سائبر کرائم بل پر گہری دلچسپی لیتے رہے ۔

سینیٹ سے اس کی منظوری سے بھی خود کو باخبر رکھا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت پر بھی امریکی حکام کی جانب سے اس بل پر دبائو ڈالنے کی اطلاعات ہیں ۔ سینیٹر شاہی سید نے وضاحت کی ہے کہ کمیٹی کا اجلاس اوپن ہوتا ہے اس لیئے یہ امریکی ایک این جی اوز کے ساتھ آگئے تھے ۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ نے امریکیوں کی بغیر کسی اجازت کے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے کہ یہ امریکی بیدھڑک کس طرح قائمہ کمیٹی میں پہنچ گئے تھے ان امریکیوں کے بارے میں تمام تر تفصیلات جمع کی جائیں اور قائمہ کمیٹی کمیٹی روم تک امریکیوں کی رسائی کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے ۔

Share.

About Author

Leave A Reply