عائشہ گلالئی کو ڈی نوٹیفائی کرنے سے متعلق عمران خان کا ریفرنس مسترد

0

AyeshaGulalaiالیکشن کمیشن نے عائشہ گلالئی کو ڈی نوٹیفائی کرنے سے متعلق چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا ریفرنس مسترد کردیا۔ 

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے عائشہ گلالئی کی رکنیت منسوخ کرنے سے متعلق ریفرنس کی سماعت کی۔

رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئیں جب کہ چیرمین تحریک انصاف عمران خان کے وکیل سکندر مہمند نے آرٹیکل 63 کے تحت 2 فیصلوں کی تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں۔

عمران خان کے وکیل نے جواب الجواب دلائل کے دوران کہا کہ عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کے لئے پارٹی سے مستعفی ہونے کی ضرورت نہیں۔

وکیل عمران خان نے کہا کہ عائشہ گلالئی ٹی وی چینلز پر اعلان کر چکی ہیں کہ پارٹی چھوڑ رہی ہیں، ان حقائق پر عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کیا جائے۔

کمیشن نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد اپنے مختصر فیصلے میں عمران خان کے ریفرنس کو مسترد کرتے ہوئے عائشہ گلالئی کو رکن قومی اسمبلی برقرار رکھنے کا فیصلہ دیا۔

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا ریفرنس مسترد کرنے میں ممبر پنجاب اور ممبر بلوچستان نے اختلافی نوٹ بھی لکھا۔

Share.

About Author

Leave A Reply